آئی ایم ایف کا فیول اسکیم محدود کرنے کا مطالبہ
شائع شدہ تاریخ 08 اکتوبر, 2026
9 نیوز ایچ ڈی: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کیلئے تقریباً 1.21 ارب ڈالر کی مالی مدد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اس رقم کی فراہمی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھنے اور پروگرام کے اہداف حاصل کرنے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جاری پروگرام سے پاکستان میں معاشی نظم بہتر ہوا اور اصلاحات کے عمل میں بھی پیش رفت ہوئی۔
آئی ایم ایف نے فیول سبسڈی کے معاملے پر بھی واضح ہدایات دی ہیں۔ ادارے کے مطابق فیول ریلیف کو صرف ان لوگوں تک محدود رکھا جائے جو واقعی اس کے مستحق ہیں اور سبسڈی کو غیر ضروری طور پر وسیع نہ کیا جائے۔
اس کے علاوہ حکومت کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے، بجلی اور گیس کی وصولیاں بہتر بنانے اور نقصانات کم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ پیداواری لاگت کم کرنے اور توانائی کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے بھی مزید اقدامات کی ضرورت پر بات کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک کو مہنگائی پر قابو رکھنے کیلئے مناسب پالیسی برقرار رکھنے اور پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر مزید بہتر بنانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔