عمران خان کے علاج کیلئے لندن سے ماہر ڈاکٹر بلایا گیا

شائع شدہ تاریخ 07 اکتوبر, 2026
عمران-خان-کے-علاج-کیلئے-لندن-سے-ماہر-ڈاکٹر-بلایا-گیا

9 نیوز ایچ ڈی: عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے لندن سے ماہر ڈاکٹر فرقد عالمگیر کو بھی بلایا گیا تھا۔ تازہ سامنے آنے والی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر فرقد عالمگیر ان چار ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کا حصہ تھے جس نے 10 اگست کو اڈیالہ جیل میں عمران خان کا معائنہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے عمران خان کے بلڈ پریشر اور ذہنی دباؤ کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران ان کا بلڈ پریشر 140/80 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دل کی دھڑکن 54 فی منٹ تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ الیکٹروکارڈیوگرام (ECG) نارمل تھا اور دل کے ایکو ٹیسٹ میں بھی کوئی بڑا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔

ڈاکٹروں نے بلڈ پریشر اور ذہنی دباؤ کو بہتر رکھنے کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی کی تجویز دی۔ اس کے علاوہ میڈیکل بورڈ نے عمران خان کو خاندان سے ملاقات، اخبارات، ٹی وی اور کتابوں تک رسائی دینے کی سفارش بھی کی۔

رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے یکم اگست کو بھی عمران خان کا معائنہ کیا گیا تھا، جب انہوں نے بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ، سر درد اور بے چینی کی شکایت کی تھی۔ اس وقت ان کا بلڈ پریشر 140/100 ریکارڈ ہوا تھا۔

لندن سے ڈاکٹر کو بلائے جانے کی تفصیل عمران خان کے علاج سے متعلق جاری بحث میں اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے۔