سہ ملکی سیریز: انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی

شائع شدہ تاریخ 30 اکتوبر, 2026
سہ-ملکی-سیریز-انگلینڈ-نے-سری-لنکا-کو-شکست-دے-دی

9 نیوز ایچ ڈی: پاکستان میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 167 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 24 چوکے شامل تھے۔ ٹام بینٹن نے بھی 74 رنز بنائے، جبکہ کپتان ہیری بروک نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس طرح انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا مشکل ہدف دیا۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے ہدف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کوشل مینڈس 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تاہم دونوں کھلاڑی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔

انگلینڈ کے لیام ڈاسن نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بین ڈکٹ کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کامیابی کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ نہ بنا سکی۔ اب سیریز کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کو کھیلا جائے گا۔