یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچ گئے

شائع شدہ تاریخ 06 اکتوبر, 2026
یو-این-سیکریٹری-جنرل-انتونیو-گوتریس-اسلام-آباد-پہنچ-گئے

9 نیوز ایچ ڈی:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کا یہ دورہ 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا اور اس دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

اسلام آباد پہنچنے پر انتونیو گوتریس کا استقبال قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے کیا۔ دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔

انتونیو گوتریس کے دورے میں خطے اور عالمی صورتحال، امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششیں اور مختلف معاملات میں بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنے کا کردار بھی اہم موضوعات میں شامل ہوگا۔

یو این سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ بھی کریں گے، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے اور پیشگی اطلاع کے نظام میں پاکستان کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز بھی جائیں گے۔

یہ انتونیو گوتریس کا 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کا اہم دورہ ہے، جس میں دونوں جانب سے باہمی تعاون اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔