افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی تو جواب دیں گے، طارق فضل

شائع شدہ تاریخ 26 اکتوبر, 2026
افغان-سرزمین-پاکستان-کے-خلاف-استعمال-ہوئی-تو-جواب-دیں-گے،-طارق-فضل

9 نیوز ایچ ڈی: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہوئی تو پاکستان تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سرحد پار دراندازی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

وفاقی وزیر کے مطابق، پاکستان نے افغانستان کو سرحد پار دہشت گردی اور دراندازی کے حوالے سے شواہد فراہم کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ استنبول اور دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران بھی یہ معاملہ افغان نمائندوں کے سامنے اٹھایا گیا، لیکن اس مسئلے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، تاہم ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔

ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی سلامتی اور دہشت گردی کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔