پیوٹن کی ایران کو کشیدگی کم کرنے کیلئے معاونت کی پیشکش
شائع شدہ تاریخ 08 اکتوبر, 2026
9 نیوز ایچ ڈی: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کو امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے معاونت کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ پیشکش ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور روس ایران تعلقات پر بات کی۔ پیوٹن نے کہا کہ روس ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور سفارتی راستے سے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے۔
روسی صدر نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ ماسکو اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے اور ضروری معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی صدر پزشکیان نے بھی کہا کہ اگر امریکا بین الاقوامی قوانین اور ایران کے حقوق کا احترام کرے تو معاہدہ ممکن ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کیلئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔