گوگل میپس کا نیا فیچر، دوسرے شہر پہنچتے ہی ملے گا خوش آمدید
شائع شدہ تاریخ 07 نومبر, 2026
9 نیوز ایچ ڈی: گوگل میپس صارفین کے لیے ایک نیا فیچر تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے دوسرے شہر کے ایئرپورٹ پر پہنچنے والے مسافروں کو خوش آمدید کا پیغام بھیجا جا سکے گا۔
اس سہولت کا مقصد مسافروں کو نئے شہر میں راستے تلاش کرنے، کھانے پینے کی جگہوں اور تفریحی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، گوگل میپس کے نئے ورژن میں ایسے پیغامات کے شواہد سامنے آئے ہیں جو صارف کے ایئرپورٹ پہنچنے پر دکھائے جا سکتے ہیں۔ اس پیغام میں صارف کو شہر میں جانے کا راستہ معلوم کرنے، اچھے ریسٹورنٹ تلاش کرنے اور رات کے وقت ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کی پیشکش کی جائے گی۔
یہ سہولت گوگل میپس کے مصنوعی ذہانت پر مبنی Ask Maps فیچر سے منسلک ہوگی۔ اس کی مدد سے صارفین عام زبان میں سوالات پوچھ کر اپنی ضرورت کے مطابق معلومات حاصل کر سکیں گے۔ مثال کے طور پر کوئی مسافر نئے شہر میں پہنچ کر پوچھ سکتا ہے کہ ایئرپورٹ سے شہر کے مرکز تک کیسے جانا ہے یا کھانے کے لیے اچھی جگہ کون سی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل میپس کے ایپ کوڈ میں دنیا کے 90 سے زائد ایئرپورٹس کے نام سامنے آئے ہیں جہاں یہ سہولت کام کر سکتی ہے۔ ان میں دبئی، لندن، نیویارک، سنگاپور اور ٹوکیو جیسے شہر شامل ہیں۔ تاہم پاکستان کا کوئی شہر فی الحال سامنے آنے والی فہرست میں شامل نہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ فیچر ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور گوگل نے اس کی عام دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ اس لیے صارفین کو اس سہولت کے باضابطہ اجرا کا انتظار کرنا ہوگا۔