ٹرمپ انتظامیہ کا مڈ ٹرم الیکشن کے بعد ایران پر حملوں پر غور
شائع شدہ تاریخ 28 اکتوبر, 2026
9 نیوز ایچ ڈی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے مڈ ٹرم انتخابات کے بعد ایران پر ممکنہ بڑے حملے کی تیاریوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے خلیجی ممالک کو بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے خطرات سے آگاہ کیا ہے، تاہم صدر ٹرمپ نے ابھی حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
امریکی اور اسرائیلی حکام سے متعلق رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ممکنہ حملوں میں ایران کے اہم بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان تیاریوں کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا بھی ہو سکتا ہے تاکہ مذاکرات کے ذریعے کوئی معاہدہ طے پا سکے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی مڈ ٹرم انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے، جبکہ اس کے بعد ایران کے خلاف کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے معاملے پر مختلف راستے زیر غور ہیں اور فوجی کارروائی کے حوالے سے حتمی فیصلہ صدر ٹرمپ کو کرنا ہے۔
دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے دوبارہ حملے کیے تو وہ جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔ ایسی صورت حال سے پورے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اب سب کی نظریں امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے بعد کی صورت حال پر ہیں کہ آیا ٹرمپ حکومت ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ کرتی ہے یا مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔