فلائی دبئی کے شریک پائلٹ کو سزائے موت کا امکان

شائع شدہ تاریخ 05 اکتوبر, 2026
فلائی-دبئی-کے-شریک-پائلٹ-کو-سزائے-موت-کا-امکان

9 نیوز ایچ ڈی: فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے بعد شریک پائلٹ کے خلاف کارروائی کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شریک پائلٹ کو سخت ترین سزا، یعنی سزائے موت، دیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

رپورٹس کے مطابق 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں شریک پائلٹ نے کاک پٹ میں کپتان پر حملہ کیا اور مبینہ طور پر طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔ صورتحال کے باعث جہاز کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ مسافروں اور عملے کی مدد سے حملہ آور کو قابو کیا گیا، جبکہ طیارے میں موجود دوسرے پائلٹس نے پرواز کو بحفاظت زمین پر اتارا۔

متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات میں واقعے کے حالات، مقصد اور ممکنہ روابط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکام شریک پائلٹ کے لیے سخت ترین سزا چاہتے ہیں۔ تاہم فی الحال قانونی کارروائی جاری ہے اور حتمی سزا کا فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔