سری لنکا کیخلاف ٹی20 سیریز، صاحبزادہ فرحان کپتان برقرار
شائع شدہ تاریخ 05 اکتوبر, 2026
9 نیوز ایچ ڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف تین ٹی20 میچز کے لیے بھی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کے لیے قومی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔ احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور وسیم جونیئر کو ممکنہ طور پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے۔
حتمی اسکواڈ اور کھلاڑیوں کے ناموں کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ شائقین کو باضابطہ اعلان کا انتظار ہے، جس کے بعد ٹیم کی مکمل تصویر واضح ہو جائے گی۔