شوکت یوسفزئی نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر خاموشی توڑ دی

شائع شدہ تاریخ 30 ستمبر, 2026
شوکت-یوسفزئی-نے-اپنے-اوپر-لگنے-والے-الزامات-پر-خاموشی-توڑ-دی

9 نیوز ایچ ڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات اور لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے لکھے گئے خط کے معاملے پر خاموشی توڑ دی۔ شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ ان کا خط کارکنوں کے نام نہیں بلکہ پارٹی قیادت کے نام تھا، جس میں انہوں نے موجودہ حالات پر اپنی رائے پیش کی تھی۔

شوکت یوسفزئی کے مطابق خط سامنے آنے کے بعد انہیں اپنے مؤقف کی وضاحت کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ تھا کہ احتجاج کے دوران 26 نومبر جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں اور کارکنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی رائے تھی کہ پارٹی کو سیاسی فیصلے سوشل میڈیا یا یوٹیوبرز کے دباؤ کے بجائے حالات کو دیکھ کر کرنے چاہئیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے تو وہ بھی اس فیصلے کو قبول کریں گے۔

شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ اگر لانگ مارچ ہوتا ہے تو وہ اس میں شریک ہوں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ احتجاج کے لیے راستہ دیا جائے تاکہ صورتحال پرامن رہے۔